خیبر پولیس کی پوست کی کاشت کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری، کئی ایکڑ پر محیط غیر قانونی فصل کو تلف کردیا گیا
تفصیلات کے مطابق خیبر پولیس، ضلعی انتظامیہ، اور اینٹی نارکوٹکس فورس نے باہمی تعاون سے باڑہ اور تھانہ میلواڈ کی حدود میں پوست کی غیر قانونی کاشت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کئی ایکڑ رقبے پر محیط افیون کی فصل کو تلف کر دیا۔
پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر منظم انداز میں آپریشن شروع کیا، جس کے دوران کسی قسم کی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور پوست کی فصل کو موقع پر تلف کر دیا گیا۔
کارروائی کی قیادت باڑہ سرکل افسر سوالزار خان نے کی، جبکہ ایس ایچ او باڑہ جاوید خان اور ایس ایچ او میلواڈ میلت خان نے بھی اپنی ٹیموں کے ہمراہ مؤثر انداز میں کارروائی کو مکمل کیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال نے کہا کہ منشیات کے خلاف مہم اسی طرح جاری رہے گی اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ خیبر پولیس معاشرے سے ہر قسم کے منشیات کی لعنت کے خاتمے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور عوام سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں منشیات کی کاشت یا فروخت اور اسمگلنگ کے خلاف پولیس سے تعاون کریں